رپورٹ ؛ نصر ملک ۔ کوپن ہیگن ۔
ڈنمارک میں جب غیر ملکی طلبا اور غیر ملکی ماہر و ہنرمند کارکن اپنے لیے ڈینشوں سے روابط و تعلقات کے لیے کوئی “ سوشل نیٹ ورک “ تیار نہیں کر سکتے تو وہ بہت جلدی ڈنمارک چھوڑ جاتے ہیں اور، یہ نہ صرف خود غیر ملکیوں کے لیے بلکہ ڈینش سماج کے لیے بھی ایک بڑا مسئلہ ہے ۔ وزارت انٹگریشن نے اس مسئلے کے تدارک کے لیے اب کچھ کرنے کی ٹھانی ہے ۔
 |
| ڈینشوں اور غیر ملکیوں کے مابین تعلقات و دوستی کے لیے ایک نئی ویب سائٹ کا اجراء |
وزارت انٹگریشن نے انٹرنیٹ پر ایک نئی ویب سایٹ کا اجراء کرتے ہوئے ، ایک “ سوشل نیٹ فورم “ قائم کیا ہے جس کا بینادی مقصد، تنہا یا جوڑے کے طور پر یا خاندان کی حیثیت میں رہنے والے غیر ملکیوں کو ڈینشوں سے ملاقات کے مواقعے فراہم کرنا ہے ۔ تاکہ اگر وہ خواہش رکھتے ہوں تو ڈینش سماجی حلقوں میں گھل مل کر آگے بڑھ سکیں ۔
وزارت انٹگریشن کے ایک پریس رہلیز میں امید ظاہر کی گئی ہے کہ یوں کر دیئے جانے سے غیر ملکی طلبا، ماہرین اور ہنر مند کارکن ڈنمارک میں موجودہ صورت حال کے مقابلے میں کہیں زیادہ عرصے تک قیام کرنے لگیں گے ۔
وزارت انٹگریشن کی قائم کردہ یہ سائٹ، جیسا کہ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے، ایک لحاظ سے “ ڈیٹنگ سائٹ “ ہو گی ۔ جہاں پر غیر ملکی اپنی ایک “ پروفائل “ یعنی اپنا “ ایک مختصر سوانحی خاکہ “ تحریر کر سکتے ہیں، یعنی اس میں اپنے بارے میں اور اپنی دلچسپیوں اور مشاعل وغیرہ کے بارے میں لکھ سکتے ہیں اور یوں دوسری جانب ایسی ہی دلچسپیاں رکھنے والے اور ملاقات کے خواہشمند ڈینش مرد و عورتیں اُن غیر ملکیوں سے رابطہ قائم کر سکتے ہیں جن کے بارے میں وہ سمجھتے ہوں کہ وہ ایک دوسرے کے قریب آ سکتے ہیں ۔
وزیر انٹگریشن نے غیر ملکیوں کے لیے اس خاص نئی ویب سائٹ کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس پر خوشی ہے کہ وہ ملک گیر سطح پر ایسا اقدام لے رہی ہیں جس کی بنیاد اس نظریے پر رکھی گئی ہے کہ “ آپ اپنی مدد کے لے دوسروں کی مدد کریں“ ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ غیر ملکی طلباء و کارکن اس ویب سائٹ سے بھرپور استفادہ کریں گے اور اس طرح نہ صرف غیر ملکی بلکہ خود ڈینش، دونوں ایک دوسرے کی خوشیاں پائیں گے ۔
جیسا کہ بتایا گیا ہے اس ویب سائٹ کے قیام کا پس منظر یہی ہے کہ بیشتر اعلیٰ تعلیم یافتہ غیر ملکی ماہرین ، اپنے اپنے پیشوں میں یکتا غیر ملکی کارکن اور بیشتر غیر ملکی طلباء بھی ڈنمارک آنے کے کچھ ہی عرصے بعد ڈنمارک سے جلد ہی واپس چلے جاتے ہیں کیونکہ
وہ اپنے لیے نہ تو کوئی حلقہء یاراں بنا سکتے ہیں اور نہ ہی ڈینشوں کے ساتھ روابط کے لیے کسی قسم کا اپنا کوئی اور سوشل نیٹ ورک قائم کر سکتے ہیں ۔
غیر ملکیوں کے لیے یہ متذکرہ ویب سائٹ،
letsmeetin.dk
قائم کرنے میں جن دیگر تنظیموں یا اداروں نے تعاون کیا ہے اُن میں
Foreningen Nydansker
کے ساتھ Expat in Denmark-konsortiet اور Work in Denmark
Welcometo.dk
نامی تنظیم بھی شامل ہے اور یہ سبھی ڈینش سماج میں غیر ملکیوں کی انٹگریشن کے لیے اپنی اپنی سطح پر پہلے ہی سے کافی کام کر رہی ہیں ۔