رپورٹ : نصر ملک ۔ کوپن ہیگن
غیر ملکیوں کی مشاورت کے لیے کوپن ہیگن میں ایک مشاورتی مرکز کھولا گیا ہے جہاں وہ سے وہ اپنے لیے مدد لے سکتے ہیں
تارکین وطن کو اگر ڈینش حکام کی جانب سے موصولہ خط کو سمجھنے اور اس کا جواب دینے میں کوئی مشکل پیش آئے تو اب انہیں کچھ زیادہ فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ اس سلسلے میں ان کی رضاکارانہ مدد کے لیے ایک جگہ فراہم کردی گئی ہے ۔
تارکین وطن کے لیے یہ “ مشاورتی مرکز “ کوپن ہیگن کے نیروبرو علاقے میں ہے اور یہاں کام کرنے والے ، اعلیٰ تعلیم یافتہ مشیران و صلاح کار “ مرکز برائے مثبت انٹگریشن “ سے تعلق رکھتے ہیں ۔
اس تنظیم کی طرف سے غیر ملکیوں بارے ڈینش قوائد و ضوابط پر تنقید کی گئی ہے اور تنظیم نے اخبارات میں مدیران کے نام خطوط اور اخباری بحث مباحثوں میں حصہ لیتے ہوئے اپنے موقف کو تسلیم کرائے جانے کی کوششیں کی ہیں اور اب وہ انٹگریشن کے لیے ٹھوس کام کرنے والی ہے ۔ اس رضاکارانہ مشاورتی مرکز کا نام بھی ، مرکز برائے مثبت انٹگریشن ہے ۔
اس مرکز میں جن معاملات پر تارکین وطن کو مشاورت مہیا کی جاتی ہے ان میں دیگر امور کے علاوہ، خاندانوں کو یکجا کرنے، ویزوں اور اقامتی و روزگاری پرمٹوں کے لیے درخواستوں وغیرہ پر بھی رہنمائی کی جاتی ہے ۔ یا پھر خاندان کو یکجا کرنے کے لیے یعنی اپنی خاوند یا بیوی یو یہاں بلوانے کے لیے کسی کی درخواست مسترد ہو جاتی ہے تو اس پر بھی متعلقہ فرد کو رضاکارانہ مشاورت مہیا کی جاتی ہے کہ اسے کیا کرنا چاہیئے ۔
اس مرکز کے چیئرمین ، ییپے فوگٹمانڈ کا کہنا ہے اس سب کا مقصد یہی ہے کہ لوگ اپنے حقوق سے باخبر ہوں کیونکہ بیشتر غیر ملکی ان سے بے خبر ہیں ۔